مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جیل بھرو تحریک پر ردعمل سامنے آیا ہے۔گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم عمران خان نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا تھا۔
اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ ہمارے پاس دو راستے ہیں ، ایک ملک گیر پہیہ جام ہڑتال ہے، معیشت کی ایسی حالت ہے کہ پہیہ جام ہڑتال سے حالات مزید خراب ہوں گے، کارکنوں کو کہتا ہوں کہ جیل بھرو تحریک کی تیاری کریں، میرے سگنل کا انتظار کریں، جیل بھرو تحریک کی کال دونگا۔
تاہم لندن میں جب صحافیوں نے عمران خان کی جیل بھرو تحریک کے بارے میں نواز شریف سے سوال کیا تو انہوں نے جواب دیا کہ’ عمران صاحب ہی بتائیں گے جیلیں کیسے بھرنی ہیں ‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے جیل بھرو تحریک کے معاملے پر قانونی ماہرین کی رائے طلب کی۔ذرائع کے مطابق آئینی ماہرین کی رائےکے ذریعے جیل بھرو تحریک کے حوالے سے فیصلہ کیا جائےگا، ماہرین سے تحریک کے آغاز اور گرفتاریوں کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔