اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی اور چکوال میں ایک انڈسٹریل زون قائم کرنے کے امور پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر وقار ظفر بختاوری، آئی سی سی آئی کے سابق صدور خالد اقبال ملک اور ظفر بختاوری سمیت سیف الرحمٰن خان اور دیگر شامل تھے۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے چکوال میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی تجویز کو سراہا۔ انہوں نے اس اہم منصوبے کی تکمیل کیلئے ترجیحی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور اس سلسلے میں اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی انڈسٹریل زون کیلئے زمین کا بندوبست کرے جبکہ حکومت ضروری انفراسٹریچکر کی فراہمی میں مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے کاروباری برادری کی کاوشوں کی تعریف کی اور ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے وفدکے ساتھ باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ برآمدات کو تیزی سے فروغ دے کر ہی معیشت کو موجودہ مشکلات سے نکالا جا سکتا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے صنعتکاری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سی پیک کے تحت بننے والے انڈسٹریل زونز کے قیام پر کام کی رفتار تیز کرے اور چکوال میں انڈسٹریل زون قائم کرنے کیلئے اسلام آباد اور چکوال چیمبرز آف کامرس کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے جس سے صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اوربرآمدات میں اضافہ ہونے سے معیشت جلد بحال ہو گی۔ انہوں نے راجہ پرویز اشرف کو چیمبر کے ایک اہم ایونٹ کیلئے بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی جو رواں ماہ منعقد ہو گی۔
چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر وقار ظفر بختاوری نے کہا کہ جڑواں شہروں اور ایئرپورٹ کے قریب ہونے کی وجہ سے چکوال انڈسٹریل زون کیلئے موزوں ترین جگہ ہے لہذا حکومت اس منصوبے کو عملی شکل دینے میں بھرپور تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ چکوال میں انڈسٹریل زون کے قیام سے علاقے میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے بے شمار نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ پاکستان کی معاشی مشکلات کا بہتر حل کاروبار، برآمدات اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں ہے لہذا حکومت اس سلسلے میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی معیشت کی ترقی میں سب سے اہم سٹیک ہولڈر ہے لہذا حکومت ان کی مشاورت سے معاشی پالیسیاں تشکیل دے جن کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
ظفر بختاوری، سیف الرحمٰن خان اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کاروباری سرگرمیوں کے بہتر فروغ کیلئے مفید تجاویز دیں۔
/ img src="https://capitalnewspoint.com/wp-content/uploads/2024/09/Sarhad-University-Expands-Its-Horizons-with-the-Launch-of-Islamabad-Campus-1.jpg">