راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن میں تین مشتبہ افراد کی نشاندہی پر پولیس نے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق تین مشتبہ افراد کی نشاندہی پر ایک کو گرفتار کیا گیا اور باقی دو مشکوک افراد فرار ہوگئے۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار شخص پستول برآمد ہوئی ہے اور اسے تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس پی پوٹھوہار وقاص خان نے بتایا کہ مشکوک شخص کو جلسہ گاہ کے قریب سے گرفتار کیا گیا، مشکوک شخص کو پولیس پکٹ پر گرفتار کیا۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار شخص سے ایک پستول برآمد ہوا ،تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب ترجمان پولیس کے مطابق سیاسی جماعت کےکنونشن کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے اور دوران چیکنگ سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزم گرفتار کیا گیا جس سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ترجمان پولیس نے بتایاکہ ملزم کی شناخت محمد جمیل کے نام سے ہوئی، ملزم سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے ،چوری ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث رہا ہے، ابتدائی تفتیش کےمطابق ملزم رش میں موبائل اورپرس وغیرہ چوری کرنےآیاتھا۔
ان کا کہنا تھاکہ ملزم سےمزید تفتیش کی جارہی ہے، مقدمہ درج کر کے چالان کیا جائے گا۔خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے راولپنڈی میں ورکرز کنونشن کیا گیا جس میں مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔