کلرکہار کے نزدیک موٹروے سالٹ رینج پر باراتیوں کی بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔موٹر وے پولیس کے مطابق بس اسلام آباد سے لاہور جا رہی تھی جبکہ حادثہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا، بس درمیانی دیوار توڑ کر دوسری طرف کئی گاڑیوں سے ٹکرانے کے بعد الٹی، بس کے اندر پھنسے افراد کو نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں جبکہ حادثے کے تمام زخمیوں کو ٹراما سنٹر منتقل کر دیا گیا ہے، ہسپتال میں موٹروے پولیس، پنجاب پولیس ، ریسکیو 1122 اور ہیلتھ کا عملہ موجود ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے جبکہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بھی افسوسناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات کے لئے دعا بھی کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ریسکیو حکام کو حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔