بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کی گئی کارروائیوں میں لیویز اہلکاروں نے خان محمد مری کے مغوی تمام اہلِ خانہ کو بازیاب کرالیا جن میں ان کی اہلیہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے۔اس حوالے سے رسالدار میجر کمانڈر کیو آر ایف لیویز شیر محمد مری نے بتایا کہ ایک مغوی بچے کو دکی جبکہ دو بچوں کو بارکھان اور ڈیرہ بگٹی کے سرحدی علاقے سے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر بازیاب کرایا گیا۔
باضابطہ بیان میں بتایا گیا کہ 120 جوانوں اور افسران پر مشتمل 4 ٹیموں نے بچوں کی بازیابی کے لیے کارروائیوں میں حصہ لیا۔سیکیورٹی فورسز کی کارروائی وزیر داخلہ سیکریٹری داخلہ اور ڈی جی لیویز کی ہدایت کی روشنی میں کی گئی تھی جس میں ابتدائی چھاپے میں خان محمد کی اہلیہ اور بیٹی کو ایک بیٹے سمیت بازیاب کرایا گیا تھا۔
بیان میں بتایا گیا کہ لیویز کوئیک رسپانس فورس نے دکی کے علاقے نانا صاحب میں آپریشن کیا جس کے دوران خان محمد مری کا ایک اور بیٹا بازیاب کروایا گیا۔جس کے بعد 12 سالہ عبدالستار اور 9 سالہ عبدالغفار کو علی الصبح کیے گئے آپریشن میں بازیاب کرایا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کسی مزاحمت کا سامنا نہیں ہوا کیونکہ ملزمان کو لیویز چھاپے کی پیشگی اطلاعات مل چکی تھی اور وہ فرار ہونے میں کامیاب رہے۔بازیاب ہونیوالے تمام افراد کو کمشنر لورالائی کے حوالے کردیا گیا جنہیں آج کوئٹہ منتقل کردیا جائے گا۔’