لنکاشائر کاؤنٹی کی مقامی حکومت پینڈل کے مئیر یاسر اقبال نے کہا کہ وہ پاکستان کی برطانیہ کے ساتھ تجارت و برآمدات کو مزید بہتر کرنے کیلئے پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ چودھری افتخار، چوہدری خالد اور راجہ اظہر بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
یاسر اقبال نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ وہ پاکستان کے ساتھ بہت محبت کرتے ہیں اور پاکستان کو ایک مضبوط معیشت کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید سازگار کاروباری حالات پیدا کر کے برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف بہتر طور پر راغب کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے آئی سی سی آئی کے وفد کو برطانیہ کے دورے کی دعوت دی تاکہ وہ برطانوی ہم منصبوں کے ساتھ کاروبار کے نئے مواقع تلاش کر سکیں اور یقین دلایا کہ وہ ان کے دورے کو کامیاب بنانے میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا ایک اہم تجارتی پارٹنر ہے اور ہم برطانیہ کے ساتھ تجارت و برآمدات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کی باہمی تجارت 3 ارب ڈالر سے کم ہے جبکہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط کاروباری روابط کو فروغ دے کر اس میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم چین اور انڈیا کے شہریوں نے اپنے ممالک کی معیشتوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے پہلے ہی پاکستان میں فنانشل سروسز، تیل و گیس کی تلاش، پٹرولیم ریفائننگ، بجلی کی پیداوار، فارماسیوٹیکل، پبلشنگ، صنعتی کیمیکلز اور سیمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے اور اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی ٹیکنالوجی ٹرانسفر کر کے پاکستان کے مزید شعبوں میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں اور یقین دہانی کرائی کہ چیمبر اس سلسلے میں ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔
چیمبر کے سابق صدور خالد اقبال ملک، ظفر بختاوری اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان تجارتی و و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مفید تجاویز پیش کیں۔
/ img src="https://capitalnewspoint.com/wp-content/uploads/2024/09/Sarhad-University-Expands-Its-Horizons-with-the-Launch-of-Islamabad-Campus-1.jpg">