پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مجھ پر جھوٹا الزام لگایا گیا کہ میں نے توشہ خانہ سے گھڑی لی ہے لیکن ہاں میرے نام پر ایک پائن ایپل نکلا ہے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران توشہ خانہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھ پر جھوٹا الزام لگایا گیا کہ میں نے توشہ خانہ سے گھڑی لی ہے، اسی وقت میں نے اس ٹوئٹ پر جواب دیا اور ایف آئی اے سمیت سائبر کرائیم کو بھیجی اور ایک نجی ٹی وی چینل نے اس جھوٹی گھڑی پر پروگرام کردیا جو میری تھی ہی نہیں لیکن ہاں میرے نام پر ایک پائن ایپل ہے۔
مریم نوازنے کہا کہ اگر میرے گیارہ سالہ سیاسی کریئر میں مریم نواز کے خلاف ایک پائن ایپل ملا ہے تو آپ کو ڈوب کر مرنا چاہیے ایک طرف پائن ایپل اور ایک طرف پانچ کیرٹ کی انگوٹھی۔
مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ملک کے لیے یہ کتنی بری بات ہے کہ نوجوانوں کا تحرک تشدد کا موڑ اختیار کرلے، مجھے نہیں پتا کہ کسی کو اس چیز کا احساس ہے یہ نہیں لیکن میرے لیے یہ فکر کی بات ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو بروینی خطرہ نہیں، ہم اس سے اچھے سے نمٹ سکتے ہیں لیکن ملک کو اندرونی خطرات اور سیاسی پولرائزیشن، عدم استحکام سے خطرہ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کو مواقع ملنے چاہیئں اور تمام جماعتوں کہ صرف یوتھ کا نعرہ نہیں لگانا چاہیے بلکہ اپنی رینکس میں شامل کرنا چاہیے اور پارلیمان میں بھی نوجوانوں کی سب سے بڑی تعداد ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں نئی ملازمتیں دینا مشکل ہوگیا ہے اور پاکستان میں بھی اگر حالات بہتر ہوئے تو نئی فیکٹریاں بننے کے بعد ملازمتوں کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں لیکن اس وقت نوجوانوں کو ٹریننگ دینی چاہیے تاکہ وہ گھر بیٹھے اپنا چھوڑا کاروبار شروع کریں اور یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں ایسا ماحول فراہم کرے لیکن یہاں ہم خود گھر میں بیٹھے ہیں اور قوم کے بچوں کو مار کھانے کے لیے سڑک پر چھوڑ دیا ہے۔
انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ضلے شاہ کی موت کو بھی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا حالانکہ حقیقت ان کو معلوم تھی کہ وہ ہلاکت حادثاتی تھی لیکن سائفر کی طرح اس کی لاش پر بھی کھیلا اور جب مقتول کی والدہ نے ٹی وی پر آکر سچ بول دیا تو پی ٹی آئی والے سب خاموش ہوگئے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے چار سال میں ملکی معیشت اور خارجہ پالیسی کو تباہ کردیا اور آج یہ حالات ہیں کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ہمیں ایک ارب ڈالر دینے کو تیار نہیں ہے اور اب یہ ملک آئی ایم ایف کے ہاتھوں یرغمال ہے کیونکہ اگر آج سب ملکر بھی آئی ایم ایف سے جان چھڑانا چاہیں تو نہیں کر سکتے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار 2015 میں نواز شریف نے آئی ایم ایف کو اللہ حافظ کہہ دیا تھا۔