بدترین مہنگائی، ڈالر بحران ، رامیٹیریل ناپید، ادویہ ساز کمپنیاں بندش کے قریب ، پاکستان میں ادویات بحران اورلاکھوں لوگوں کے بیروزگار ہونے کا خدشہ ، ، ادویات قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ۔ پاکستان فارما سوئیٹکل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (PPMA) نے خطرے کی گھنٹی بجادی ۔حکومت نے توجہ نہ دی تو نہ صرف صنعتیں بند ہونگی بلکہ ادویات ناپید اور لاکھوں لوگ بیروزگار ہو جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار پی پی ایم اے کے چیئرمین سید فاروق بخاری، سابق چیئرمین و سابق سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی خواجہ شاہ زیب اکرم ‘ مرزا عبدالرحمن چیئرمین کوآرڈینیشن ایف پی سی سی آئی ‘کیپٹن ندیم ظفر ، زاہد سعید سابق چیئرمین پی پی ایم اے و سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی، میاں اسد شجاع، ارشد محمود، توقیر الحق، ڈاکٹر فیصل کھوکھر، حامد رضا سا، ندیم ظفر، بق چیئرمینز پی پی ایم اے۔ فارما بیورو سے ارم شاکر ، عائشہ دیمی سمیت 100 سے زائد رہنماوں و کمپنی مالکان نے ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت بہت بڑھ چکی ہے جس کی وجہ سے را میٹیریل بہت مہنگا ہو چکا ہے ۔
درآمدات میں مشکلات کے باعث سپلائی چین ٹوٹ جائیگی ۔ انہوں نے کہاکہ را میٹیریل ، پرنٹنگ میٹیریل ، بجلی ، تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث فارما کمپنیاں شدید مشکلات کا شکار ہیں اور خسارے کی وجہ سے بند ہونے کاخدشہ ہے ۔ سید فاروق بخار اور خواجہ شاہ زیب اکرم و دیگر نے مزید کہا کہ سیلز ٹیکس اور ڈالرکے ریٹ میں اضافے سے ادویات کے خام مال کی کمی سے ادویات کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔، ڈالرکی قیمتوں میں دن بدن اضافے کے باعث خام مال کی امپورٹ بھی رک گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی صنعتیں بند ہونے کے باعث حکومت کو بیرون ممالک سے ادویات درآمد کرنا پڑیں گی اور اس کی وجہ سے ملکی خزانے پر بڑا بوجھ پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں زندگی بچانے والی ادویات کی قلت کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے کرونا سے بڑا بحران پیدا ہو سکتا ہے ۔ ادویات نہ ملنے سے اموات ہو سکتیں ہیں اس لیے ضروری ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے سپلائی چین کو بحال رکھا جائے ۔ اگر حکومت نے فوری توجہ نہ دی تو ملک میں ادویات کا بڑا بحران پیدا ہو سکتا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ دنیا میں کسی بھی چیز کی قیمت کا تعین مذکورہ انڈسٹری کرتی ہے جبکہ پاکستان میں حکومت نے سخت کنٹرول رکھا ہوا ہے جو صنعتوں کی تباہی کا سبب بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرے تاکہ ملک کو بڑے بحران میں مبتلا ہونے سے بچایا جا سکے ۔