عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں پولیس آپریشن کے دوران اسلحہ سمیت کئی ممنوعہ اشیاء برآمد کرلی گئیں۔پنجاب پولیس نے لاہور میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک پر اس وقت آپریشن کیا جب سابق وزیراعظم توشہ خانہ کیس میں پیشی کیلئے اسلام آباد روانہ ہوچکے تھے۔پولیس نے عمران خان کی رہائش گاہ سے اسلحہ برآمد کرلیا، جس میں 16 رائفلیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر اسلحہ سرکاری نظر آرہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے سرچ وارنٹ جاری ہوئے تھے جس کے بعد کارروائی کی گئی، آپریشن میں خواتین پولیس اہلکار بھی شامل تھیں۔اس سے قبل آپریشن کے دوران منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ زمان پارک کے گملوں میں کنچوں (بلور) کی بڑی تعداد بھی رکھی ہوئی تھی، جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ یہ غلیلوں میں رکھ کر پولیس اہلکاروں پر پھینکے جاتے تھے۔