محکمہ موسمیات کے مطابق ایک بار پھربارش کی پیشگوئی کر دی ہے، بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود اور مزید بارش ہونے کا امکان ہے۔لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان کے پہلےعشرے کا اختتام بارشوں پرہوگا۔
دوسری جانب اسلام آباد میں چار دن باران رحمت برسنے کے بعد موسم کھل گیا، تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ سے اسلام آباد، خیبرپختونخوا، پنجاب، بالائی سندھ اور کشمیرمیں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
ادھر کراچی میں بھی مغربی ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم کل شام تک بلوچستان میں داخل ہوگا، اس سسٹم کے باعث کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے، یہ سسٹم 2 اپریل تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش برسا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی شہر میں آج مطلع صاف رہے گا، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، 5 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، دن میں درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہےگا، دن میں ہوا 25 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔