جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شن وارسک کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران فورسز اوردہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے جن میں دہشت گرد کمانڈر جان محمد عرف چراغ بھی شامل ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد فورسز کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی حامد رسول شہید اور دو افسران سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ 31 سالہ شہید سپاہی حامد رسول کا تعلق راولپنڈی سے تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہناتھاکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔