اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے فرانس کے سفیر نکولس گیلے کے ساتھ ان کے دفتر میں ملاقات کی اور پاکستان و فرانس کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ فرانس سفارتخانے کے اکنامک قونصلر لارنٹ چوپیٹن بھی اس موقع پر موجود تھے۔
احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان تقریبا 2ارب ڈالر کی موجودہ باہمی تجارت دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے کیونکہ دونوں ممالک اس میں مزید اضافہ کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے باہمی تعاون کے نئے شعبوں کی تلاش کے لیے پاکستان اور فرانس کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط کاروباری روابط پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس نے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس اسکیم کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کیا تھا اور کہا کہ فرانس پاکستان کے ساتھ توانائی، آئی ٹی، زراعت و لائیو سٹاک اور سیاحت سمیت کئی شعبوں میں تعاون کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تقریباً 23کروڑ افراد کی ایک بڑی مارکیٹ ہے لہذا فرانس کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے پاکستان پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے ایک پاکستان فرانس بزنس فورم منعقد کرنے کا پروگرام بنا رہا ہے جس میں پاکستان میں کام کرنے والی فرانسیسی کمپنیوں کو بھی مدعو کیا جائے گا لہذا سفارت خانہ فورم کے کامیاب انعقاد میں چیمبر کے ساتھ تعاون کرے۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں تعینات فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے کہا کہ فرانس پاکستان کو ایک اہم ملک سمجھتا ہے اور اس کے ساتھ مزید کاروباری تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کے تسلسل کیلئے یورپی پارلیمنٹ پر توجہ مرکوز کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ فرینچ المنائی گروپ کو دونوں ممالک کے درمیان تعاون مضبوط کرنے کیلئے فعال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی فرانس کا تجارتی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا تو وہ اس کو آئی سی سی آئی کے ساتھ ملانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور فرانس کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان قریبی تعاون فرانس اور پاکستان کے درمیان کاروباری تعاون کے نئے شعبوں کو تلاش کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ مشکل معاشی صورتحال عارضی ہے اور پاکستان اپنی کرنسی کے اتار چڑھاؤ کے مسئلے کو حل کرکے مزید سرمایہ کاری کو راغب کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس اور پاکستان نے اقتصادی ترقی، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، ثقافت، سیاحت، دفاع، موسمیاتی تبدیلی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دو طرفہ تعاون کے روڈ میپ پر دستخط کیے ہیں اور امید ظاہر کی کہ اس کے دونوں ممالک کیلئے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ پاکستان فرانس بزنس الائنس کراچی میں کام کر رہا ہے اور اس کا ایک چیپٹر اسلام آباد میں بھی کھولا جانا چاہیے تا کہ پاکستان اور فرانس کے کاروباری شعبوں کے درمیان باہمی تعاون اور دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دے کر تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ فرانس کی بہت سی کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں کام کر رہی ہیں اور فرانس کی مزید کمپنیاں پاکستان میں دلچسپی کے شعبوں میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔
چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری اور فیصان شہزاد نے بھی پاکستان اور فرانس کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو بہتر کرنے کیلئے مفید تجاویز دیں۔
/ img src="https://capitalnewspoint.com/wp-content/uploads/2024/09/Sarhad-University-Expands-Its-Horizons-with-the-Launch-of-Islamabad-Campus-1.jpg">