ملک بھر میں کہیں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عید الفطر بروز ہفتہ 22 اپریل کو ہو گی۔ذرائع مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا کہنا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی حتمی نتیجے پر پہنچ گئی ہے اور چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کچھ دیر بعد کیا جائے گا۔
شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا ، کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کےارکان، محکمہ موسمیات کےنمائندے اور سپارکو کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور نے اعلان کیا کہ پنجاب میں کہیں سے شوال کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، لاہور میں چاند 7 بجکر 10 منٹ تک دیکھا جاسکتا تھا۔
کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی نے بھی کہا کہ اسے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج 7 بج کر 17 منٹ تک چاند دیکھنے کا وقت تھا۔
اسلام آباد اور کوئٹہ میں بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کے رکن حافظ عبدالغفور نے کہا کہ پشاور میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔
چاند کی رویت کے حوالے سے حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی رات 9 بجے کے قریب کرے گی۔
محکمہ موسمیات اور فلکیاتی ماہرین یہ امکان ظاہر کر چکے ہیں کہ آج چاند نظر آنا مشکل ہے اور عید الفطر ہفتے کو ہو سکتی ہے۔