سربراہ مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ صرف پنجاب میں الیکشن ہونے سے جو بھی وزیراعلیٰ بنے گا وہ بادشاہ بن کر رہ جائے گا۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سربراہ مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین کو ٹیلی فون کر کے عید کی مبارکباد دی اور ان کی خیریت دریافت کی۔اس موقع پر سراج الحق کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں چوہدری شجاعت حسین اپنا کردار ادا کریں، چوہدری شجاعت واحد سیاستدان ہیں جن کے کردار پر کوئی داغ نہیں ہے، چوہدری شجاعت کردار ادا کریں کہ ملک میں الیکشن ایک ہی دن ہوں۔
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا میں خود بھی یہی چاہتا ہوں کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ایک ہی دن ہوں، صرف پنجاب میں الیکشن ہونے سے جو بھی وزیراعلیٰ بنے گا، وہ بادشاہ بن کر رہ جائے گا، جو پنجاب کا وزیراعلیٰ بنے گا وہ دیگر الیکشنز میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے گا جس سے ملک میں افراتفری پیدا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی سراج الحق کے سامنے پی ٹی آئی کا مؤقف دیں گے جو کہ عمران خان دے چکے ہیں، پاکستان مسلم لیگ کا مؤقف صرف میں ہی دے سکتا ہوں، میرا مؤقف ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہے۔