پاکستان تحریک انصاف نے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں حزبِ اختلاف کی نشستوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے اور خواجہ فاروق کو قائدِ حزبِ اختلاف نامزد کر دیا ۔ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے نومنتخب وزیر اعظم چوہدری انوارالحق سے اعلان لاتعلقی کر دیا جبکہ سردارتنویرالیاس کو پی ٹی آئی کی صدارت سے بھی سبکدوش کر دیا۔آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نامزد قائدِ حزبِ اختلاف خواجہ فاروق کو پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خواجہ فاروق کی قیادت میں حزبِ اختلاف کی نشستوں پر بیٹھنے والے اراکین ہی پی ٹی آئی کا حصہ رہ سکیں گے جبکہ کنارہ کشی کرنے والے اراکین کے پی ٹی آئی سے اخراج کی کارروائی شروع کر دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم سردار قیوم نیازی کو تحریک انصاف آزاد کشمیر کا صدر جبکہ چوہدری مقبول گجر کو آزاد کشمیر اسمبلی کیلئے اسپیکر کے امیدوار کے طور پر نامزد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے 31 میں سے 7 ارکان اسمبلی کی اجلاس میں شرکت پر عمران خان برہم ہوگئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 7 ارکان میں خواجہ فاروق، قیوم نیازی، دیوان محی الدین ،مقبول گجر اور حامد رضا شامل ہیں جبکہ سردار تنویر الیاس،بیرسٹر سلطان اور چوہدری انوارالحق گروپ کے ارکان نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔