صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے محنت کشوں کے عالمی دن پر خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مزدوروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔یوم مزدور پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم مئی پر مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، معاشی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالنے کے باوجود محنت کشوں کو متعدد مسائل کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزدور کو غیر محفوظ ماحول،مزدوری کے غیر منصفانہ طریقے اور کم اجرت جیسے مسائل کا سامنا ہے، عدم تحفظ، کام کی جگہ پر خواتین کو ہراسگی جیسے مسائل بھی درپیش ہیں۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس بہت بڑی لیبر فورس اور نوجوانوں کی تعداد ہے، وفاقی، صوبائی حکومتیں مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اور ہنر فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن محنت کے تقدس اور وقار کی علامت ہے، آج کے دن پوری قوم محنت کش طبقے کو شاندار خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قوم ملک کی ترقی میں مزدوروں کے کردار اور معاونت کو سراہتی ہے جبکہ اسلام سماجی انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے احترام کے اصولوں پر زور دیتا ہے، اسلام نے عالمی لیبر قوانین سے بہت پہلے ہی مزدوروں کے حقوق سے متعلق رہنما اصول طے کر دیئے تھے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مزدور اور آجر پیداواری عمل میں شراکت دار ہیں، موجودہ حکومت محنت کشوں کے کام کرنے اور زندگی گزارنے کے حالات کو بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہے، حکومت نے مزدوروں کی کم ازکم اجرت 17500 روپے ماہانہ سے بڑھا کر 25000 روپے کر دی ہے۔