سپریم کورٹ میں ایک ہی روز ملک بھر میں انتخابات کرانے سے متعلق کیس کی سماعت آج ہو گی، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ساڑھے 11 بجے کیس کی سماعت کرے گا۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم 3 رکنی بینچ میں جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اٹارنی جنرل پاکستان اور سیاسی جماعتوں سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے گئے تھے۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے گزشتہ روز ملک میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کی درخواست پر گزشتہ ہفتے 27 اپریل کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا، چیف جسٹس پاکستان نے تین صفحات پر مشتمل حکم نامہ تحریر کیا۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ عدالت نے سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی کوئی ہدایت نہیں کی، سیاسی جماعتوں کی جانب سے مذاکرات ان کی اپنی کوشش ہے، 14 مئی کو انتخابات کروانے کا حکم اپنی جگہ برقرار ہے۔