وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گووا میں عشائیہ میں شرکت کی۔ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی وزیر خارجہ کی جانب سے ایس سی او وزرائے خارجہ کانفرنس میں شریک وزرائے خارجہ کے اعزاز میں عشائیہ میں شرکت کی۔
عشائیہ میں پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور بھارتی ہم منصب جے شنکر کے درمیان مصافحہ بھی ہوا۔ذرائع کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری عشائیے میں سب سے آخر میں پہنچے، بلاول بھٹو کے پہنچنے پر جے شنکر نے اپنی نشست پر کھڑے ہو کر ان سے ہاتھ ملایا، دونوں وزرائے خارجہ نے مصافحے کے دوران خیر مقدمی کلمات کا تبادلہ کیا۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے بھارتی ہم منصب جےشنکر کے مصافحہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو سے مصافحہ معمول کا رسمی عمل تھا۔گوا میں جیونیوز سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایک میزبان نے ایک مہمان کا خیر مقدم کیا جیسے باقی وزرائے خارجہ کا کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی میزبانوں نے ابھی تک ہمیں کوئی شکایت کا موقع نہیں دیا، ابھی تک سب کچھ ٹھیک ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ نے بتایا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف جولائی میں بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمٹ میں شریک ہوں گے۔