کراچی اور کوئٹہ میں کانگو وائرس سے دو مریضوں کی موت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد محکمہ صحت کے حکام نے الرٹ جاری کردیا ہے۔رپورٹ کے مطابق صحت کے حکام کے مطابق کانگو وائرس کا پہلا شکار ایک 20 سالہ حاملہ افغان خاتون تھیں، گل ناز کو کچلاک سے وائرس کی علامات کے ساتھ لایا گیا اور کوئٹہ کے فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
ان کے منہ اور ناک سے خون بہہ رہا تھا اور اس کے خون کے نمونے لیبارٹری بھیجے گئے جس میں اس بیماری کی تصدیق ہوئی۔ہسپتال کے ڈاکٹر زبیر احمد نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا کہ وہ زندہ نہ رہ سکیں اور اتوار کی صبح انتقال کر گئیں۔انہوں نے تصدیق کی کہ گزشتہ 10 دنوں میں وائرس سے یہ تیسری موت ہے، گزشتہ چار ماہ میں کانگو وائرس سے چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور تمام مریضوں نے افغانستان کا سفر کیا تھا۔
محکمہ صحت سندھ نے بھی کراچی میں 28 سالہ شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، مقتول محمد عادل لیاقت آباد میں ایک گوشت فروش تھا۔محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ابتدائی طور پر مریض کو 30 اپریل کو سر درد اور بخار ہوا، جو دو دن بعد شدت اختیار کر گیا، اسے ایک نجی ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ ایک دن تک زیر علاج رہا، متاثرہ مریض کو بعد میں تواتر کے ساتھ ناک سے خون بہہ رہا تھا۔
محکمہ صحت کے عہدیدار نے مزید کہا کہ مریض کا ابتدائی طور پر ڈینگی اور ملیریا کے لیے ٹیسٹ کیا گیا، لیکن اس کے نتائج منفی آئے۔4 مئی کو مریض کی حالت بگڑ گئی اور اسے نارتھ ناظم آباد کے ضیاالدین ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ایک دن بعد انتقال کر گئے۔