سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد امریکا،برطانیہ،کینیڈا اور یورپی یونین نے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی۔کینیڈین ہائی کمیشن نے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ پاکستان میں غیر متوقع سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر انتہائی احتیاط برتیں، دہشت گردی،بدامنی اور اغوا کا خطرہ ہے۔
ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کینیڈین شہری علاقائی سطح پر تمام آمدو رفت اور کشمیر،بلوچستان،کے پی میں غیرضروری سفر سے گریز کریں۔کینیڈین ہائی کمیشن کی ٹریول ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور اور کراچی میں سکیورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں،مغربی طرز کے ریسٹورنٹ اور شاپنگ سینٹرز میں محتاط رہیں۔
ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا کہ ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں مظاہرے اور بڑے اجتماعات ہو رہے ہوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان عسکری اداروں کے بیان بازی سمیت دیگر کیسز میں ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے تھے جہاں ہائیکورٹ میں رینجرز کی بھاری نفری نے عمران خان کو حراست میں لیا۔
عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔