ملک میں ایک ہفتے بعد تمام سوشل میڈیا ویب سائٹس کی سروسز بحال

ملک میں ایک ہفتے بعد تمام سوشل میڈیا ویب سائٹس کی سروسز تقریبا بحال کردی گئی اور صارفین اب بلا تعطل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ملک بھر میں 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور موبائل انٹرنیٹ سروسز کو بند کیا گیا تھا۔پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن (پی ٹی اے) نے بتایا تھا کہ وزارت داخلہ کی ہدایات کے بعد موبائل انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی سروسز بند کی گئیں۔بعد ازاں 11 مئی کو سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیے جانے اور اعلیٰ عدالت کی جانب سے انہیں رہا کرنے کا حکم دیے جانے کے بعد 12 مئی کو انٹرنیٹ سروسز کو جزوی طور پر بحال کیا گیا تھا۔