خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں لوئیسام کے علاقے میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلع باجوڑ کے شہری علاقے لوئیسام میں دہشت گردوں اور فوجی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ فوجی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی اور ایک دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ڈیرہ اسمٰعیل سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ سپاہی شفیق الرحمٰن بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔