پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ڈاکٹر امجد نے بھی پارٹی سے راہیں جدا کرلیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی ڈاکٹر امجد نے پارٹی چھوڑنےکا اعلان کیا، ڈاکٹر امجد نے پی ٹی آئی کے تینوں عہدوں سے دستبردار ہونےکا اعلان کیا، وہ ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات کے علاوہ عمران خان کے فوکل پرسن برائے ٹریڈ یونینز اور رکن سینٹرل کور کمیٹی تھے۔
ڈاکٹر امجدکا کہنا تھا کہ اگر آپ کےکام سےملک کے عوام پریشان ہوں تو درست نہیں، انصاف اور اصول پسندی خود تحریک انصاف میں نہیں ہے، چند افراد عمران خان کو گھیرے میں لیے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نو مئی کو ہنگامے اور دہشت گردی کے واقعات ہوئے، ہم نے شہدا کی تصاویر اور یادگاروں پر حملےکیے۔خیال رہےکہ ڈاکٹر امجد سے قبل پی ٹی آئی کے رہنما عامر محمودکیانی اور ملک امین اسلم بھی پارٹی چھوڑنےکا اعلان کرچکے ہیں۔