دُنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی اور کلے کورٹ کے بادشاہ اسپین کے رافیل نڈال انجری کےسبب فرنچ اوپن سے دستبردار ہوگئے ، ایونٹ کے 14 مرتبہ کے چیمپئن نے یہ بھی اعلان کیا کہ اگلا برس ٹینس میں اُن کا آخری سال ہوگا۔رافیل نڈال18 برس میں پہلی بار فرنچ اوپن کے کلے کورٹ پر ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے۔
نڈال کے مطابق وہ انجری کے سبب ایونٹ میں شریک نہیں ہو رہے ،ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پروفیشنل ٹینس میں اُن کا اگلا برس آخری ہوگا۔رافیل نڈال جس انجری کے سبب فرنچ اوپن سے دستبردار ہوئے ہیں وہ اُن کو اس سال جنوری میں آسٹریلین اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں ہوئی تھی ، اسپینش کھلاڑی کا خیال تھا کہ وہ دو ماہ میں فٹ ہوجائیں گے مگر ایسا نہیں ہوسکا۔
22گرینڈ سلم جیتنے والے نڈا ل کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ انجری کے سبب ابھی مزید کچھ ماہ ٹینس کورٹ سے دور رہیں گے ، اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ شاید ومبلڈن بھی نہ کھیل سکیں۔واضح رہے کہ فرنچ اوپن ٹورنامنٹ 22 مئی سے 11 جون تک کھیلا جائے گا، 2005 میں اپنے ڈیبیو کے بعد سے یہ پہلا موقع ہوگا کہ رافیل نڈال اس ایونٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔