صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے، ملک کی سالمیت اور سلامتی ہمارے شہداء کی گراں قدر خدمات کے بغیر ممکن نہیں، مادر وطن پر جان قربان کرنے پر انہیں سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔یوم تکریمِ شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم مادر وطن کیلئے عظیم قربانیاں دینےوالے اپنے آباؤ اجداد اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی بے مثال جرات اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یوم تکریمِ شہداء منا رہے ہیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان آرمی، رینجرز، ایئر فورس، نیوی، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں سمیت ہماری مسلح افواج کے جوانوں اور افسران نے اپنی بہادری اور قربانیوں کی بدولت پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور اس پر قوم ان کی مقروض رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے کیونکہ ہماری تاریخ میں اُنہوں نے آزمائش کی ہر گھڑی میں جذبہ حب الوطنی اور بہادری کا مظاہرہ کیا، ملکی سرحدوں کے دفاع کے علاوہ ، ہماری سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی لعنت کو بھی کامیابی سے شکست دی اور پاکستان نے اپنی افواج کی بہادری اور قربانیوں کی بدولت دہشت گردی کے عفریت پر تنِ تنہا قابو پایا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ قدرتی آفات اور وبا کے دوران بھی ہماری سکیورٹی فورسز اپنے عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہوئیں اور اپنے ہم وطنوں کو بروقت امداد فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ بطور صدر پاکستان، میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور اپنے جذبات کا اظہار کرنے کیلئے شہداء کے خاندانوں سے باقاعدگی سے رابطہ کرتا ہوں، ان کے ساتھ بات چیت کے دوران مجھے ملک کے لیے ان کے جذبہ حب الوطنی پر فخر محسوس ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے اور ہمیں ان چیلنجز پر قابو پانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے، آئیے آج کے دن عہد کریں کہ ہم اپنے بہادر شہداء کو کبھی نہیں بھولیں گے ، ہمیشہ ان کی عزت کریں گے اور قوم کے ان بہادر بیٹوں اور بیٹیوں سے اپنی لازوال محبت کا اظہار کرتے رہیں گے۔