پاکستان میں عالمی وبا کورونا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 29 افراد انتقال کر گئے اور 6047 نئے مریض بھی سامنے آئے۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 61090 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 6047 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 29 افراد انتقال کر گئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.88 فیصد رہی۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 29330 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ 36 ہزار 413 تک پہنچ چکی ہے۔
اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9590 افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 4 ہزار 980 ہو گئی ہے۔