وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے وفاقی سیکرٹری افتخار علی شلوانی سےسیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے صدر ملک عبدالغفور نے آج یہاں ملاقات کی۔ جس میں وزارت موسمیاتی تبدیلی، تجارت و صنعت اور دفاع کے حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی ہدایت پر بلایا گیا۔
اجلاس کے دوران سیالکوٹ ٹینری زون میں ٹینریز چمڑا رنگنے کے کارخانوں کی منتقلی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کا مقصد گنجان آباد علاقوں میں ٹینریز کے موجودہ مقامات سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی خدشات کو دور کرنا تھا۔ تاجر رہنماملک عبدالغفور نے سیکرٹری ہاؤسنگ سے درخواست کی کہ وہ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی ) کے ذریعے سول اور سولرائزیشن کے کاموں میں مدد کریں جس پر افتخار علی شلوانی نے اپنے مکمل تعاون اور معاونت کا یقین دلایا اور کہا کہ وزارت ہاؤسنگ سڑکوں، سول ورک اور ےانفراسٹرکچر کی تعمیر میں اس منصوبے میں تعاون اور معاونت کرے گی۔
افتخار علی شلوانی نے صنعت کے نمائندوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہویے کہاکہ وہ ٹینریز کو صنعتی پارکوں میں منتقل کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں میں تعاون کریں جو کہ ویسٹ مینجمنٹ کی مناسب سہولیات سے آراستہ ہیں اور ان میں ماحولیاتی ضوابط کی پابندی کی گءی ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چمڑا رنگنے کے کارخانوں کی منتقلی سے ٹیننگ انڈسٹری سے متعلق ماحولیاتی، سماجی اور معاشی خدشات دور ہو جائیں گے۔ اس منصوبے سےدنیا بھر میں پاکستانی چمڑے کی مصنوعات اور پاکستان کے چمڑے کے ملبوسات کی مانگ میں اضافہ ہوگا۔