وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آج اردن اور عراق کے دورے پر روانہ ہوں گے، پہلے مرحلے میں وہ شاہ عبداللہ دوم کے بڑے بیٹے ولی عہد حسین بن عبداللہ کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے اردن جائیں گے، جو ظہران پیلس میں اپنی سعودی منگیتر راجوا السیف سے شادی کر رہے ہیں۔
علاقائی بادشاہتوں کے سربراہان کے علاوہ امریکی خاتون اول جل بائیڈن اور ہالینڈ کے بادشاہ بھی مہمانوں میں شامل ہیں۔
اردن کے بعد وزیر خارجہ بلاول بھٹو 5 سے 7 جون تک عراق کا دورہ کریں گے، وزیر خارجہ عراق کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین کی دعوت پر عراق کا دورہ کر رہے ہیں۔
دورے کے دوران وزیر خارجہ عراقی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور اپنے ہم منصب سے تفصیلی ملاقات کریں گے، علاوہ ازیں بھٹو زرداری کے دورہ عراق کے دوران اہم معاہدوں پر بھی دستخط ہوں گے۔