19 کروڑ پاؤنڈز کی غیر قانونی منتقلی کے کیس، سابق وفاقی وزرا اور کابینہ اراکین کے خلاف تحقیقات کا آغاز

قومی احتساب بیورو(نیب) نے 19 کروڑ پاؤنڈز کی غیر قانونی منتقلی کے کیس میں سابق وفاقی وزرا اور کابینہ کے 22 اراکین کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔نیب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عمران خان اور دیگر کے خلاف بحیثیت سرکاری عہدیدار ذاتی مفاد کے لیے 19 کروڑ پاؤنڈز کی غیر قانونی منتقلی میں معاونت کے لیے اختیارات کے غلط استعمال کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ نیب راولپنڈی، نیب آرڈیننس 1999 کے تحت مذکورہ افراد کے خلاف بدعنوانی اور کرپٹ پریکٹسز کے الزامات پر تحقیقات کر رہا ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ’اس کے پیش نظر ان افراد کی جانب سے جنوری 2018 سے 2023 کے عرصے کے دوران خریدی یا فروخت کی گئی گاڑیوں کی تفصیلات یا مصدقہ دستاویزات کی نقول فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔