تاپی صرف ایک پائپ لائن  ہی نہیں ہے بلکہ یہ خطے کے لیے تبدیلی کا ایک ایجنڈا ہے، مصدق ملک

ترکمانستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد،جس کی قیادت وزیر مملکت اور ترکمانگاس کے چیئرمین مکسات بابائیف کر رہے تھے نے آج یہاں وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کی قیادت میں پاکستانی وفد سے ملاقات کی۔دونوں اطراف نے ترکمانستان-افغانستان-پاکستان-انڈیا (تا پی ) گیس پائپ لائن منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔


وزیر نے تاپی منصوبے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ڈاکٹر مصدق ملک نےترکمانستان میں توانائی کے امکانات کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا، کہ تاپی صرف ایک پائپ لائن  ہی نہیں ہے بلکہ یہ خطے کے لیے تبدیلی کا ایک ایجنڈا ہے ۔ملاقات میں مسائل کے حل کے لیے پاکستان سے ایک اعلیٰ سطحی عہدیدار مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ تاپی پر تکنیکی ورکنگ گروپ کا وسیع تر اجلاس آ ج ہوگا۔

ترکمانستان کے وفد نے تاپی کے لیے حکومت پاکستان کی حمایت اور تعاون پرشکریہ ادا کیا۔ترکمانستان کے وفد میں ترکمانستان کے نائب وزیر توانائی ایناگیلڈی ساپاروف ،سی ای او اور چیئرمین بورڈ، ٹی پی سی ایل محمد میراتامانوف، ترکمانستان کے سفیرعطاجان مولاموف، پاکستان برانچ منیجر، ٹی پی سی ایل مسٹر میرات بیراموف بھی شامل تھے جبکہ پاکستانی وفد میں ایڈیشنل سیکرٹری ابرار احمد مرزا، ایڈیشنل سیکرٹری حسن اقبال، منیجنگ ڈائریکٹر انٹر سٹیٹ گیس سسٹمز (آ ءی ایس جی ایس) ندیم باجوہ اور پٹرولیم ڈویژن کے دیگر حکام شامل تھے۔