سواں گارڈن اراضی خرد برد کیس، کرنل(ر) اظہر سمیت 5 ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور

اسلام آباد(سی این پی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے نجی ہاوسنگ سکیم (سواں گارڈن )اراضی خورد برد کیس میں ایف آئی اے کے مقدمے میں نامزدکرنل(ر) اظہر وغیرہ پانچ ملزمان کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظورکرنے کا حکم سنادیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران ملزمان کی جانب سے ایڈوکیٹ راجہ انعام امین منہاس، راجہ رضوان عباسی و دیگرجبکہ وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل سید طیب شاہ عدالت میں پیش ہوئے،چیف جسٹس نےناقص تفتیش اور ریکارڈ پیش نہ کرنے پر عدالت ایف آئی اے تفتیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیاکہ جب آپ نے بنک سے ریکارڈ ہی جمع نہیں کیا نہ عدالت پیش کیا تو کیا تفتیش کی،کیوں نہ ڈی جی ایف آئی اے کو بلا کر آپ کے خلاف کاروائی کا کہا جائے،الزام لگایا گیا کہ فلاں کے اکاؤنٹ سے پیسے گئے لیکن خود پتہ نہیں کیا، کیا آپ نے ریکارڈ جمع کیا یہ بتا دیں بس، جس پر تفتیشی افسر نے کہاکہ ہمارے پاس بنک اکاؤنٹس کی تفصیل موجود ہے لیکن ہم اس کا موازنہ نہیں کرسکے،اکاؤنٹس کی تفصیلات کافی زیادہ تھیں عدالت وقت دے، عدالت نے کہاکہ آپ نے اکاونٹس کی تفصیل کا موازنہ نہیں کیا اور ایف آئی آر درج کردی،یہ عدالت تمام ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتی ہے،ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ عدالت کچھ وقت دے ہم بنک سے ریکارڈ جمع کرکے جمع کروانا چاہتے ہیں،چیف جسٹس نے کہاکہ یہ عدالت اب اور وقت نہیں دے سکتی ، عدالت ضمانت کنفرم کرتی ہے،اگر بعد میں آپ نے سمجھا کہ ریکارڈ اور ثبوت موجود ہیں تو ضمانت منسوخی کے لیے رجوع کر لیں ،عدالت نےپانچوں ملزمان کرنل اظہر ، ملک دین ، ذاکر اللہ اور دیگرکی ضمانت منظور کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔