میئر جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان بنیں گے یا پھر پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب ، فیصلہ آج ہوجائے گا۔کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے آج آرٹس کونسل آوڈیٹوریم میں پولنگ ہوگی۔
11 بجے میئر کے انتخاب کا عمل شروع ہوگا، شو آف ہینڈ کے ذریعے ووٹرز اپنی رائے دیں گے، پہلے میئر اور پھر ڈپٹی میئر کا انتخاب ہوگا۔
صوبائی الیکشن کمیشنر اعجاز انور چوہان کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر موجود ہوگی جبکہ آر او اور ڈی آر کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹ اختیارات دیے گئے ہیں۔
میئر کا عہدہ حاصل کرنے کے لیے 184 نشستیں درکار ہوں گی۔
جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کا اتحاد ہے تو پیپلز پارٹی کو پی ٹی آئی کے ناراض چیئر مینز ، ن لیگ اور جے یو آئی ف کی حمایت حاصل ہے۔
اگر نمبر گیم کی بات کی جائے تو جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان کو پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار مرتضیٰ وہاب پر سبقت حاصل ہے تاہم پی ٹی آئی کے کچھ یوسی چیئرمینوں کی جانب سے حافظ نعیم الرحمان کو ووٹ نہ دینے کا اعلان سامنے آنے کے بعد صورتحال دلچسپ موڑ اختیار کر چکی ہے۔
میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کا مقام بلدیہ عظمیٰ کراچی کی عمارت سے تبدیل کر کے آرٹس کونسل آڈیٹوریم کو پولنگ اسٹیشن قرار دے دیا گیا ہے۔