او جی ڈی سی ایل کا و لی (بیٹانی) آئل اینڈ گیس فیلڈ سے پیداوار کے آغاز کا اعلان

آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لیمٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے صوبہ خیبر پختونخوا میں لکی مروت ضلع میں واقع و لی (بیٹانی) آئل اینڈ گیس فیلڈ سے پیداوار کے آغاز کا اعلان کردیا۔ اوجی ڈی سی ایل 100 فیصد ورکنگ انٹریسٹ کے ساتھ و لی (بیٹانی) ایکسپلوریشن لائسنس کا آپریٹر ہے۔

حاصل دستاویزات کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے پیداوار کیلئے تمام ضروری سہولیات کی تنصیب کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا جس میں ویل فلو لائنز، گدرنگ نیٹ ورک، سپریٹرز، ڈی ہائیڈریشن پلانٹ، ممبرین یونٹ، کروڈ آئل سٹوریج ٹینکس اور ڈیسپیج گنٹریز شامل ہے۔ یہ تمام سہولیات او جی ڈی سی ایل کی ٹیم نے ان ہاؤس مہارت اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے نصب کی ہی۔

او جی ڈی سی ایل انتظامیہ کا کہنا ھے کہ ہمیں یہ اعلان کرنے میں خوشی محسوس ہورہی ہے کہ ولی (بیٹانی) فیلڈ سے ایس این جی پی ایل کے ترسیلی نظام میں گیس شامل کرکے پیداوار کا آغاز ہوگیا۔ حاصل دستاویزات کے مطابق گیس کی پیداوار (کیوگیس) 10 ایم ایم سی سی ایف /یومیہ جبکہ تیل کی یومیہ پیداوار(کیو آئل)1000 بی بی ایل ایس ہو گی۔

او جی ڈی سی ایل اگلے چند ماہ کے دوران کنواں،ولی ڈیپ نمبر 1 اور کنواں ولی ڈیپ نمبر2 کے دو اضافی کنووں کی کھدائی شروع کرے گی۔ ان کنووں کی کھدائی کی تکمیل کے بعد تیل کی مجموعی یومیہ پیداوار مزید بڑھ کر 3000 بی بی ایل آئل کے ساتھ گیس کی 50 ایم ایم ایس سی ایف/یومیہ ہوجائے گی۔ ولی(بیٹانی) فیلڈ سے پیداوار کے آغاز سے ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور درآمدنی توانائی پر انحصار کم کرنے میں مددملے گی۔ابتدائی پیداوار سے سالانہ 43 ملین امریکی ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت میں مدد ملے گی اور مالی سال 2023-24 کے اختتام تک مکمل پیداوار پر بچت 176 ملین امریکی ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔