بالی وڈ اداکارہ امیشا پٹیل نے چیک باؤنس کیس میں رانچی سول کورٹ میں سرینڈر کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ اداکارہ امیشا پٹیل کے سرینڈر کیے جانے کے بعد سینیئر ڈویژن جج ڈی این شکلا نے اداکارہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انھیں 21 جون کو دوبارہ ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ 2018 میں جھارکنڈ سے تعلق رکھنے والے فلم پروڈیوسر اجے کمار نے امیشا پٹیل کیخلاف چیک باؤنس کا مقدمہ درج کروایا تھا۔مقدمے کے متن کے مطابق2018 میں انہوں نے جھارکنڈ میں ایک تقریب کے دوران امیشا پٹیل سے ملاقات کی اس دوران اداکارہ نے اجے کمار کو اپنی فلم پراجیکٹ پر انویسٹ کرنے کیلئے راضی کرلیا لیکن فلم کامیاب نہ ہوسکی۔
مقدمے میں الزام عائد کیا گیا کہ جب اجے کمار نے اپنی رقم کا مطالبہ کیا تو امیشا نے ان کی کمپنی کو ڈھائی کروڑ بھارتی روپے کے چیک دیے لیکن چیک باؤنس ہوگئے۔
2021 میں بھوپال کی ایک عدالت نے اداکارہ کیخلاف 32 لاکھ 25 ہزار روپے کا چیک باؤنس ہونے کے کیس میں قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔بھارتی میڈیا کے مطابق امیشاکے خلاف یو ٹی ایف ٹیلی فلمز پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے مقدمہ درج کروایا گیا اور اداکارہ پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے فلم بنانے کے لیے 2019 میں اندور کے رہائشی سے 10 لاکھ روپے کی رقم ادھار لی تھی، جب امیشا نے کمپنی کو دو چیک دیے تو دونوں ہی چیک باؤنس ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ امیشا پٹیل کہو نا پیار ہے، غدر ایک پریم کتھا، بھول بھلیاں اور ہمراز جیسی معروف فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔