وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے 25 ارب روپےکی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق یہ رقم سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد پر خرچ ہوگی، وزیراعظم نے جمعےکو پیپلزپارٹی کے وفد سے ملاقات میں فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔
خیال رہےکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ دنوں سوات میں جلسے سے خطاب کے دوران وزیر اعظم سے بجٹ میں وعدے پورے نہ کرنےکا شکوہ کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پیسا نہ ملا تو پیپلز پارٹی بجٹ منظور نہیں ہونے دےگی۔
اپنے خطاب کے دوران انہوں نے وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم پر دوہرے معیار کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کچھ اور بجٹ میں کچھ اور سامنے آیا، اس وقت ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، وزیراعظم اپنی ٹیم میں شامل ان لوگوں سے ضرور حساب لیں جو وعدے پورے کرنے میں رکاوٹ ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ہمیں وزیراعظم کی نیت پر شک نہیں، انہوں نے خود سیلاب کی تباہی دیکھی، وہ سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے پورے کریں، ہم عوام کا خیال رکھتے ہیں جب کہ دوسری جماعتیں مخصوص افرادکا خیال رکھتی ہیں۔
گزشتہ روز نارووال میں میں تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو کی وزیر اعظم شہباز شریف کو وارننگ پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بجٹ کی تیاری میں تمام اتحادیوں کو شامل کیا گیا تھا، حکومت کی کوشش ہے کہ ہر فیصلہ اتفاق رائے سے کیا جائے۔اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس بھی آج طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور دونوں جماعتوں کے مالی امور سے متعلق وزرا اور ماہرین اجلاس میں شریک ہوں گے جس میں بجٹ سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔