بلاول بھٹو کی نبیل گبول کیساتھ ہاتھ ملانے سے گریز کی اصل حقیقت سامنے آگئی

صوبائی وزیر سعید غنی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سینئر پارٹی رہنما نبیل گبول کی وائرل ویڈیو میں ہونے والی ملاقات کا احوال بتادیا۔گزشتہ روز میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی تقریب حلف برداری میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سینئر پارٹی رہنما نبیل گبول کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس سے متعلق دعویٰ کیا گیا کہ اس ویڈیو میں بلاول بھٹو نے نبیل گبول سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا گیا کہ تقریب میں نبیل گبول پہلی صف میں بیٹھے تھے، انہوں نے بلاول بھٹو کے قریب آنے کی کوشش کی تو چیئرمین پیپلز پارٹی نے بظاہر انہیں روک دیا۔

کچھ صارفین نے یہ کہا کہ یہ ویڈیو نامکمل ہے جب کہ حقیقت اس کے برعکس تھی، البتہ بلاول بھٹو زرداری کی نبیل گبول سے ہاتھ ملانے سے گریز کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور سینئر صحافیوں کی جانب سے بھی اس ویڈیو کو شیئر کیا جا رہا ہے۔

تاہم اب اس حوالے سے موقع پر موجود سعید غنی نے ٹوئٹ کی ہے اور انہوں نے بتایا کہ دراصل یہ ویڈیو نامکمل ہے۔پی پی رہنما نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘یہ سب میرے سامنے ہوا، چیئرمین بلاول بھٹو نے نبیل گبول کو سنا پھرسلمان مراد پارٹی چیئرمین کی طرف آئے، اس کے بعد ہلکے پھلکے انداز میں چیئرمین  بلاول نے کہا کہ ’ساری باتیں یہاں کروگے کیا‘۔

اس کے علاوہ نبیل گبول کے بیٹے نادر گبول نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گزشتہ شب ایک ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کی جس میں انہوں نے خاص طورپر بلاول کے اخلاق کا تذکرہ کیا۔

https://twitter.com/i/status/1670858806652444672

نادر گبول نے اپنی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ‘موجودہ وزیر خارجہ اور مستقبل کے وزیر اعظم بلاول بھٹو زرداری ایک مکمل نفیس انسان ہیں جو اپنے تمام کارکنان سے گرم جوشی اور محبت سے ملتے ہیں’۔