عوام کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے، غیر معیاری سلنڈروں میں گیس بھرنے میں مصروف ایل پی جی پلانٹس کیخلاف اوگرا کی کارروائی، پلانٹ سیل

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کے انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ نے، چیئرمین مسرور خان کی ہدایات پر ایل پی جی کی صنعت میں حفاظتی معیارات اور ضوابط کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے احسن اقدامات اٹھاتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے متعدد ایل پی جی پلانٹس کا معائنہ کیا ۔

معائنے کے دوران ٹیم نے ایک یسے مخصوص ایل پی جی پلانٹ کی نشاندہی کی جو اوگرا کے قواعد و ضوابط اور حفاظتی اقدامات جو عوام کے تحفظ اور محفوظ ہینڈلنگ کو یقینی بنانے کے لیے جاری کیئے گئے تھے ان کو صریحاً نظر انداز کرتے ہوئے غیر معیاری سلنڈروں میں گیس بھرنے میں مصروف تھا ۔ مزید برآں، یہ بھی پتہ چلا کہ پی ایس او سمیت دیگر معروف کمپنیوں کے سلنڈر اس ایل پی جی پلانٹ میں غیر قانونی طور پر بھرے جا رہے تھے، جس سے صارفین کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

ان خلاف ورزیوں کا پردہ فاش کرتے ہوئے مذکورہ پلانٹ کو اوگرا کی جانب سے فوری طور پر سیل کر دیا گیا تاکہ مزید غیر قانونی سرگرمیوں کو روک کر عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اوگرا نے ان ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے لائسنس یافتہ پلانٹ کے کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

مزید براں اپنے ایک بیان میں اوگرا کے ترجمان عمران غزنوی نے ایل پی جی انڈسٹری میں حفاظت اور تعمیل کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، “اوگرا صارفین کے مفادات کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم حفاظتی معیارات پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کریں گے، اور جو لوگ ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے انہیں سخت قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔” اوگرا ایل پی جی سیکٹر میں مکمل معائنہ کرنے کے لیے مقامی حکام اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ اتھارٹی کا مقصد مزید خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرنا اور ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کرنا ہے۔ یہ فعال نقطہ نظر نہ صرف صارفین کی حفاظت کرے گا بلکہ صنعت کے اندر غیر تعمیل شدہ طریقوں کے خلاف بھی ایک رکاوٹ کا کام کرے گا۔