لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا انتخاب رکوانے کے لیے درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔لاہور ہائی کورٹ میں شہری شیخ اقبال کی جانب سےدائر درخواست میں پی سی بی اور وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہےکہ چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لیے الیکشن 27 جون کو ہونا ہے، الیکشن کرانے کے لیے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل پی سی بی آئین کے خلاف ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ عدالت پی سی بی چیئرمین کا الیکشن روکنےکا حکم دے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی 26 جون کو درخواست پر سماعت کریں گے ۔پی سی بی ترجمان کے مطابق بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کا خصوصی اجلاس منگل کو دوپہر 2 بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوگا جس میں اراکین بی او جیز میں سے چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔
واضح رہے کہ پیٹرن ان چیف پی سی بی وزیراعظم شہباز شریف کے نامزد کردہ ذکاء اشرف چیئرمین شپ کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں جب کہ نجم سیٹھی نے خود کو چیئرمین کے عہدے سے دستبردار کرلیا ہے۔