چین کے درالحکومت بیجنگ میں رنگا رنگ تقریب میں سرمائی اولمپکس کا آغاز ہوگیا۔
چینی صدر شی جن پنگ نے برڈز نیسٹ اسٹیڈیم میں سرمائی اولمپکس کی تقریبات کاافتتاح کیا۔ وزیر اعظم عمران خان اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سمیت دنیا بھر کے 20 سے زائد سربراہانِ مملکت نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں شاندار آتش بازی کی گئی۔ پاکستانی دستے کی اسٹیڈیم میں آمد پر شائقین نے پُرتپاک استقبال کیا۔
پاکستانی دستے کے مارچ پاسٹ کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں اور دستے کا استقبال کیا۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ درجنوں ٹیمیں آئیں لیکن اسٹیڈیم میں چین کے بعد کسی ٹیم کیلئے تالیاں بجیں تو وہ پاکستانی ٹیم تھی، عام چینی پاکستان سے محبت کرتا ہے اور یہ تالیاں اسی جذبے کا اظہار ہیں۔
سرمائی اولمپکس کیلئے پاکستانی دستے میں ایک ایتھلیٹ اور تین آفیشل شامل ہیں، پاکستانی ایتھلیٹ محمد کریم الپائن اسکی انگ کے مقابلوں میں شرکت کریں گے۔
بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں 3ہزار پرفارمرز نے حصہ لیا جبکہ اولمپکس مقابلے 4 سے 20 فروری تک جاری رہیں گے۔