قومی ٹیم کے صف اول کے بلے بازوں کی مکمل ناکامی کے بعد نوجوان سعود شکیل اور آغا سلمان نے گال ٹیسٹ کے دوسرے روز پہلی اننگز میں نصف سنچریاں مکمل کرتے ہوئے ٹیم کو بڑی تباہی بچایا تاہم پاکستان کو سری لنکا کے پہلی اننگز کے 312 رنز کے جواب میں 91 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔
سری لنکا کے شہر گال میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا کی پوری ٹیم پاکستان کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 312 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی، اوپنر امام الحق ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے اور عبداللہ شفیق 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
مڈل آرڈر بلے باز شان مسعود نے 39 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے بعد کپتان بابر اعظم 13 اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اپنی 17 رنز کی اننگز کے دوران سابق کپتان سرفراز احمد نے 3 ہزار رنز کا سنگ میل بھی عبور کر لیا، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے وکٹ کیپر بن گئے ہیں۔
اس سے قبل نوجوان اوپنر عبداللہ شفیق نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ایک ہزار رنز مکمل کیے، انہوں نے بھی گال ٹیسٹ کے دوسرے روز یہ سنگ میل عبور کیا۔
پاکستان نے چائے کے وقفے تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے تھے اور اس وقت سعود شکیل 22 اور آغا سلمان 19 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔
بعد ازاں کھیل کے دوران بارش کی مداخلت بھی جاری رہی ہے لیکن قومی ٹیم کے بلے بازوں نے ذمہ دارنہ کارکردگی دکھائی اور مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا۔
سعود شکیل اور آغا سلمان نے اس دوران اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔
گال ٹیسٹ میں جب دوسرے روز کھیل کا اختتام ہوا تو بارش نے پھر مداخلت کی لیکن پاکستان نے 5 وکٹوں پر 221 رنز بنائے تھے اور سری لنکا کے پہلی اننگز کے اسکور 312 کے مقابلے میں 91 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔
سعود شکیل 69 اور آغا سلمان 61 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
سری لنکا کی جانب سے پراباتھ جے سوریا نے پاکستان کے تین بلے بازوں عبداللہ شفیق، بابراعظم اور سرفراز احمد کی صورت میں قیمتی وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں میزبان ٹیم نے آج 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز سے اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو رمیش مینڈس 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، وہ ابرار احمد کا شکار بنے، اس کے بعد براباتھ جے سوریا نے 4 رنز بنائے تھے کہ انہیں نسیم شاہ نے پویلین کی راہ دکھائی۔
اس کے بعد دھننجیا ڈی سلوا 122 رنز کی شان دار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، ان کو بھی نسیم شاہ نے آوٹ کیا۔
سری لنکا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کسن راجتھا 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، وشوا فرنانڈو 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آغا سلمان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔