اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے معروف انٹرنیشنل ہسپتال کے تعاون سے مردوں کا عالمی ہفتہ صحت منانے کے حوالے سے ایک آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا جس میں میڈیکل شعبے سے وابستہ افراد اور بزنس کمیونٹی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایک میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا جس میں بلڈ پریشر، شوگر، وزن کی چیکنگ، ڈائیٹ پلانز اور طبی مشاورت کے علاوہ پھیپھڑوں کے مفت ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ ڈرگس ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاصم رؤف پروگرام کے مہمان خصوصی تھے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے سپیکرز کو شیلڈ ز پیش کیں اور کہا کہ غیر فعال طرز زندگی کی وجہ سے بلڈ پریشر، ذیابیطس، دل کی بیماریوں اور کینسر سمیت متعدد بیماریاں معاشرے میں بڑھ رہی ہیں جو تشویشناک ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مرد حضرات پر خاندان کی کفالت اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں لہذا ان کو صحت مند اور تندرست زندگی گزارنے کے بارے میں ایسے آگاہی پروگرام باقاعدگی کے ساتھ منعقد کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک صحت مند قوم تیار کر کے ہی قومی پیداوار اور معاشی ترقی کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔
ڈرگس ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاصم رؤف نے کہا کہ مرد عموماً اپنے خاندان کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے اپنی صحت سے سمجھوتہ کرتے ہیں اور اپنے بچوں کے علاج و تعلیم جیسے اخراجات پورے کرنے کے لیے اپنی سرجری میں تاخیر کرتے ہیں جس سے ان کی صحت متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مردوں کو اپنی صحت پر زیادہ توجہ دینی چاہیے جس سے وہ معاشرے کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں گے اور اپنے خاندان کی بہتر دیکھ بھال کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈریپ مریضوں کی جلد صحت یابی اور عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ خاندان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مرد حضرات خود پر زیادہ بوجھ ڈالتے ہیں جس سے وہ صحت کے مسائل سے دوچار ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مرد حضرات کو ایک فعال طرز زندگی اپنانا چاہیے اور باقاعدگی کے ساتھ ہیلتھ اسکریننگ کرانی چاہیے تا کہ وہ صحت مند رہ کر خاندان اور معاشرے کی بہتری کیلئے موثر کردارا دا کر سکیں۔
معروف انٹرنیشنل ہسپتال، اسلام آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ہارون نصیر نے بھی پروگرام سے خطاب کیا اور صحت مند معاشرے کیلئے اپنے ہسپتال کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔معروف ہسپتال کے ڈاکٹر عبدالوحید میڈیکل ڈائریکٹر، ڈاکٹر عمر ادریس مفتی ہیڈ آف کارڈیو ویسکولر سنٹر، ڈاکٹر عمران غنی انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ، ڈاکٹر یاسر رحمان کنسلٹنٹ آنکولوجسٹ، ڈاکٹر سہیل نصیر ہیڈ آف کریٹیکل کیئر یونٹ، ڈاکٹر راشد علی خان ہیڈ آف سائیکاٹری ڈیپارٹمنٹ اور محترمہ ثوبیہ زبیر سائیکو تھراپسٹ نے صحت کے مختلف مسائل کے بارے میں پریزنٹیشنز دیں اور ان سے بچاؤ کی تدابیر سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ آئی سی سی آئی کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر بھی تقریب میں موجود تھے۔
مردوں کا عالمی ہفتہ صحت ہر سال منایا جاتا ہے جس کا مقصد مردوں میں مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کرنا اور بیماریوں کا بروقت علاج کرانے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ یہ ہفتہ صحت ہیلتھ پروفیشنلز، پالیسی سازوں، میڈیا اور دیگر افراد کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے مفید تجاویز و شفارشات پیش کرنے کے بہتر مواقع فراہم کرتا ہے۔