نامور امریکی ماڈل جی جی حدید کو ان کے سامان میں سے ممنوعہ نشہ آور اشیاء ملنے پر گزشتہ دنوں گرفتار کیا تھا جس کے بعد انہوں نے عدالت میں اعتراف جرم بھی کرلیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 10 جولائی کو پیش آیا، جی جی اپنی سہیلی کے ہمراہ چھٹیاں منانے کیمن جزائر پہنچی تھیں، انہوں نے جب ذاتی جہاز میں اوون رابرٹس انٹرنیشل ائیر پورٹ پر لینڈ کیا تو کسٹمز کے حکام نے ان کے سامان کی تلاشی لی۔
تلاشی کے دوران ان کے سامان سے گانجا اور بھنگ ملی جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔حکام نے جی جی حدید سمیت ان کی دوست کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں ایک خفیہ مقام پر لے جایا گیا جہاں ان دونوں سے تفتیش ہوئی۔
بعدازاں جی جی اور ان کی دوست کو 12 جولائی کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں انہوں نے اعتراف جرم کیا تھا۔ عدالت نے دونوں پر ایک، ایک ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا اور انہیں ضمانت پر رہائی مل گئی۔
دوسری جانب سپر ماڈل کے ترجمان نے بتایا کہ جی جی نے اپنے میڈیکل لائسنس پر یہ مواد خریدا تھا اور یہ ذاتی استعمال کے لیے تھا، ان کے گزشتہ تمام ریکارڈز کلیئر ہیں اور وہ اس وقت جزیرے پر چھٹیاں منا رہی ہیں۔
اب جی جی نے گرفتاری کے بعد رہائی ملنے کے کچھ روز بعد انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے وقت سے لطف اندوز ہورہی ہیں، ماڈل نے اپنی گرفتاری سے متعلق پوسٹ پر کچھ نہیں کہا البتہ ان کے مداحوں نے سوالات کے انبار لگا دیے۔