انڈیا اے نے پاکستان شاہینز کو ایمرجنگ ایشیا کپ کے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔
پاکستان شاہینز 48 اوورز میں 205 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
انڈیا اے نے مطلوبہ اسکور 37 ویں اوور میں صرف دو وکٹوں پر پورا کرلیا جس میں سائی سودھرسن کی سنچری نمایاں ہے۔
یہ انڈیا کی مسلسل تیسری کامیابی ہے جبکہ پاکستان شاہینز کی یہ پہلی شکست ہے اس سے قبل اس نے نیپال اور متحدہ عرب امارات اے کو ہرایا تھا۔
پاکستان شاہینز اور انڈیا اے پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بناچکی ہیں۔
21 جولائی کو ہونے والے سیمی فائنلز میں پاکستان شاہینز کا مقابلہ سری لنکا اے سے ہوگا جبکہ انڈیا اے کی ٹیم بنگلہ دیش اے کے مدمقابل ہوگی۔
بدھ کے روز کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز کے کپتان محمد حارث نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن چار اوورز کے اختتام پر اس کے 2 کھلاڑی 9 رنز پر آؤٹ ہوچکے تھے۔
صائم ایوب گیارہ گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ عمیربن یوسف بھی چار گیندیں کھیل کر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
صاحبزادہ فرحان اور حسیب اللہ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 36 رنز کا اضافہ کیا۔ صاحبزادہ فرحان آٹھ چوکوں کی مدد سے 35رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
حسیب اللہ اور کامران غلام اسکور میں 32 رنز کا اضافہ کرپائے۔
کامران غلام 15 اور حسیب اللہ 27 رنز بنانے میں کامیاب ہوپائے۔
کپتان محمد حارث 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو پاکستان شاہینز کا اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف95 رنز تھا۔اس موقع پر قاسم اکرم ۔ مبصرخان اور مہران ممتاز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ٹیم کی پوزیشن بہتر کردی۔
قاسم اکرم نے پانچ چوکوں کی مدد سے48 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔انہوں نے مبصرخان کے ساتھ ساتویں وکٹ کی شراکت میں 53 رنز کا اضافہ کیا۔ مبصرخان نے28 رنز اسکور کیے جن میں چار چوکے شامل تھے۔
مہران ممتاز نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست25 رنز بنائے اور قاسم اکرم کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں قیمتی 43 رنز کا اضافہ کیا۔
انڈیا اے کی طرف سے بیس سالہ تیز بولر راج وردھن ہنگرگیکر نے42 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
لیفٹ آرم اسپنر مانو ُسوتھار نے 36 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انڈیا کے اوپنرز ابھیشیک شرما اور سائی سودھرسن نے58 رنز کا اسٹارٹ دیا۔ شرما کو 20 رنز پر مبصر خان نے بولڈ کردیا لیکن سائی سودھرسن اور نکن جوز کے درمیان99 رنز کی شراکت نے اپنی ٹیم کی جیت کو آسان بنادیا۔نکن جوز 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں سات چوکے شامل تھے۔
سائی سودھرسن نے 110گیندوں پر 104 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی جس میں10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
کپتان یاش ُدھل 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جس میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
مختصر اسکور۔
پاکستان شاہینز۔205 رنز ( 48 اوورز ) قاسم اکرم 48 ۔ راج وردھن ہنگر گیکر42/5 وکٹ۔ مانو سوتھار 36/3 وکٹ۔
انڈیا اے 210 رنز2 کھلاڑی آؤٹ ( 36 اعشاریہ 4اوورز) سائی سودھرسن 104 ناٹ آؤٹ نکن جوز53 ۔