بلوچستان اسمبلی نے گزشتہ روز سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کے لیے ایک قرارداد منظور کی اور مطالبہ کیا کہ اس توہین آمیز فعل کے ذمہ دار کو سزا دی جائے۔
قرارداد بشریٰ رند اور اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان نے مشترکہ طور پر پیش کی، قرارداد میں سویڈن میں اسٹاک ہوم کی ایک مسجد کے باہر ایک عراقی پناہ گزین کی جانب سے قرآن پاک کے صفحات نذرِآتش کرنے کی شدید مذمت کی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ قرآن پاک محبت، صبر اور ایک دوسرے کے احترام کا فلسفہ سکھاتا ہے، ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ کہ اس عمل سے دنیا بھر میں پائے جانے والے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت پاکستانی ایسے واقعات کو گھناؤنا جرم قرار دینے کے لیے قانون سازی کے لیے عالمی اداروں سے رابطہ کرے۔