وزیراعظم عمران خان نے برصغیر کی معروف گلوکارہ لتا منگیشکر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ برصغیر نے دنیا کی عظیم ترین گلوکاروں میں سے ایک کو کھو دیا۔
انہوں نے کہا کہ لتا منگیشکر کے گیتوں نے دنیا بھر میں لوگوں کو خوشی دی۔
اس کے علاوہ نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا ہے کہ اب کوئی دوسری لتا نہیں آسکتی۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ موسیقی کا ایک عہد ختم ہوگیا، لتا نے عشروں تک سُروں کی دنیا پر حکومت کی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ نصف صدی سے زیادہ اپنی آواز کا جادو جگا کر لتا منگیشکر نے لوگوں کو سنگیت کا گرویدہ بنایا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہاکہ آج سنہرے دور کا خاتمہ ہوا،ان کی آواز کا جادو چاہنے والوں کے جذبات گرماتا رہے گا۔
خیال رہے کہ بلبل ہند لتا منگیشکر 92 سال کی عمر میں آج صبح چل بسی تھیں اور ان کے انتقال سے گلوکاری کا ایک عہد تمام ہوا۔
ممبئی کے شیوا جی پارک میں لتا منگیشکر کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔