چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں سماعت کے دوران نیا موڑ آگیا ہے۔توشہ خانہ کیس کی سماعت کرنے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج ہمایوں دلاور نے پی ٹی آئی وکلا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا، انہوں نے خود سے منسوب فیس بک پوسٹس کمرہ عدالت میں دکھانے پر عدالت عالیہ سے انصاف طلب کیا ہے۔
آج توشہ خانہ کیس کی سماعت کے دوران جج ہمایوں دلاور نے بتایا کہ میں نے ایف آئی اے کو فیس بک پوسٹس سے متعلق لکھ دیا ہے، میں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو لکھا ہےکہ مجھے بھی انصاف چاہیے، ایسے سب کے سامنے فیس بک پوسٹس کےکاغذات لہرائےگئے، کوئی کسی کے لیے جج نہیں بن سکتا، مجھے بھی انصاف چاہیے۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل گوہر علی خان نے جج ہمایوں دلاور کی مبینہ فیس بک پوسٹس عدالت میں دکھائی تھیں۔
جج ہمایوں دلاور نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ کی دوران سماعت تصدیق کی تھی تاہم ان کا کہنا تھا کہ پوسٹس میری نہیں ہیں۔