چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف 9 مئی کو جناح ہاؤس حملے کی تحقیقات کے لیے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کو دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
لاہور کے تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں عمران خان کے خلاف رپٹ انچارج انویسٹی قلعہ گجر سنگھ محمد سرور کی مدعیت میں درج کی گئی۔درج رپٹ کے متن کے مطابق چئیر مین پی ٹی آئی کو تھانہ سرور روڈ 96/23 میں تفتیش کے لیے بلایا گیا، 14 جولائی کو پیشی کے دوران چئیرمین پی ٹی آئی نے انگلی کے اشارے کے ساتھ جے آئی ٹی کے سربراہ عمران کشور اور دیگر ممبران کو دھمکایا۔
رپٹ کے مطابق سابق وزیراعظم نے دھمکی دی کہ پی ٹی آئی کی حکومت واپس آ رہی ہے، آپ سن لیں آپ نے رہنا نہیں ہے۔اس میں کہا گیا کہ تفتیش کے دوران کسی بھی ملزم کا افسر کو ڈرا نا، حکومت میں آکر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کی دھمکی دینا آزادانہ اور غیر جانبدار تفتیش کو روکنا ہے، ملزم کا یہ عمل قانون کی خلاف ورزی ہے ۔