ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ صحافیوں، میڈیا ورکرز، فنکاروں اور فلمی صنعت کے تکنیکی ماہرین کے لئے صحت بیمہ کارڈ کا اجرا اور فرض کی ادائیگی کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے صحافیوں کے لئے خصوصی فنڈ کے قیام کا اعلان کر دیا گیا۔ منگل کو صحافیوں، میڈیا ورکرز، فنکاروں اور ٹیکنیکل ریسورس کے لئے ہیلتھ انشورنس کارڈ کے اجرا کی تقریب کا انعقاد ہوا
جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی سمیت وفاقی سیکریٹری اطلاعات سہیل علی خان، وفاقی سیکریٹری قانون، پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن، صحافیوں اور فنکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے صحت بیمہ کارڈ کو انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ورکنگ جرنلسٹس اپنے فرائض کی انجام دہی میں کئی چیلنجز اور خطرات کا سامنا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس اہم کاوش پر وفاقی وزیر اطلاعات اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فرض کی ادائیگی کے دوران زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے صحافیوں کے لئے خصوصی فنڈ کے قیام کا اعلان کیا۔ اس فنڈ کے تحت صحافی کے اہل خانہ کو 40 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اہم اور تاریخی دن ہے جب وزیراعظم کی ہدایت پر ورکنگ جرنلسٹس اور فنکاروں کیلئے ہیلتھ کارڈ جاری کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا بحیثیت اپوزیشن لیڈر جو وژن تھا، آج اس پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل وزارت اطلاعات اور اسٹیٹ لائف کے مابین ہیلتھ انشورنس کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوئے، آج اس ہیلتھ انشورنس کا باضابطہ اجرا کیا گیا ہے
/ img src="https://capitalnewspoint.com/wp-content/uploads/2024/09/Sarhad-University-Expands-Its-Horizons-with-the-Launch-of-Islamabad-Campus-1.jpg">
/ img src="https://capitalnewspoint.com/wp-content/uploads/2024/09/Sarhad-University-Expands-Its-Horizons-with-the-Launch-of-Islamabad-Campus-1.jpg">