امریکہ میں پا کستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ عوامی روابط کو فروغ دینا اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے ساتھ ہر ممکن سطح پر اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانا ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہرڈن ورجینیا کونسل کی رکن محترمہ نائلہ عالم سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ہرڈن میں 14 اگست 2023 کو یوم آزادی پاکستان کے طور پر منانے کا ایک اعلامیہ بھی پیش کیا گیا ۔
مسعود خان نے محترمہ نائلہ عالم کو ان کی کاوشوں کے ثمرات پر مبارکباد پیش کی جس سے ان کی اپنے وطن سے گہری محبت واضح طور پر ظاہر ہوتی ہے۔محترمہ نائلہ عالم کو ان کے بروقت اقدام پر مبارکباد دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ اس اعلان سے پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور نچلی سطح پر ملک کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کمیونٹی کے لیے محترمہ عالم کی خدمات کو بھی سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پاکستان اور دونوں اقوام کی مشترکہ اقدار کے بارے میں زیادہ سے زیادہ تفہیم پیدا کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں
مسعود خان نے کہا کہ دونوں ممالک کو قریب لانے اور پاک امریکہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں پاک-امریکی کمیونٹی کا بہت بڑا کردار ہے۔
اس موقع پر محترمہ عالم نے کہا کہ دو بار منتخب ہونا اور اپنے لوگوں کی خدمت کرنا ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ 14اگست کو آزادی پاکستان کے دن کے طور پر منانے کا اعلان ہرڈن کے پاک-امریکی شہریوں کی خدمات کا اعتراف ہے۔
محترمہ نائلہ عالم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا کہ “ٹان آف ہرڈن پاکستانی امریکیوں کا گھر ہونے پر فخر محسوس کرتا ہے۔