مناما(سی این پی) عرب ممالک کے ساتھ سفارتی اور تجارتی معاہدوں کے بعد ایک پیشرفت میں اسرائیل نے بحرین میں اپنا سفارت خانہ کھول لیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیرخارجہ ایلی کوہن سرکاری دورے پر بحرین پہنچے اور اپنے سفارت خانے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بحرین کے ولی عہد بھی موجود تھے۔
سفارت خانے کے افتتاح سے قبل اسرائیلی وزیر خارجہ نے بحرین میں اپنے ہم منصب سے بھی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی اور تجارت کے فروغ سلسلے میں بات چیت کی۔اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے بحرین کے ولی عہد ولی عہد سلمان بن حمد الخلیفہ سے بھی ملاقات کی تھی جس میں اسرائیل سے بحرین براہ راست پروازوں سمیت اہم امور پر لائحہ عمل کو حتمی شکل دی گئی۔
یاد رہے کہ اسرائیل اور بحرین کے درمیان تعلقات کی بحالی کا معاہدہ 2020 میں ہوا تھا جس کے بعد بتدریج دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سفارتی تعلقات بحال ہونا شروع ہوئے۔علاقہ ازیں 2020 میں ہی امریکی ثالثی میں ایک معاہدے تحت متحدہ عرب امارات، سوڈان اور مراکش بھی اسرائیل کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات قائم کرچکے ہیں۔ اسرائیل میں متحدہ عرب امارات 2021 میں ہی سفارت خانہ کھول چکا ہے۔اسی معاہدے کے تحت جسے معاہدہ ابراہیمی کہا جاتا ہے، امریکا اب اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی پر بھی کام کر رہا ہے ۔